لندن میں پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین حافظ طاہر اشرفی کے ساتھ بدتمیزی اور ہراسانی کی واقعہ پیش آیا ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پی ٹی آئی سے وابستہ انصاف اسٹوڈنٹس فیڈریشن (آئی ایس ایف) کے مبینہ ارکان کا ایک گروہ لندن کے ایج ویئر روڈ پر چلتے ہوئے حافظ طاہر اشرفی کو اچانک گھیر لیا۔ اس گروپ نے تقریباً 10 منٹ تک ان کا پیچھا کیا اور اس دوران تلخ جملوں کا تبادلہ بھی ہوا۔ حافظ طاہر اشرفی نے اس حوالے سے جیو نیوز سے گفتگو میں بتایا کہ وہ اپنی فیملی کے ساتھ ایک دوست کی دعوت پر رات کے کھانے کے لیے ایج ویئر روڈ پر جا رہے تھے، اسی دوران انہیں ہراساں کرنے کی کوشش کی گئی۔ انہوں نے اس عمل کو انتہائی قابلِ مذمت قرار دیا اور کہا کہ وہ اس غنڈہ گردی سے گھبرائیں گے نہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس گروپ نے عمران خان اور پی ٹی آئی کو بھی بہت نقصان پہنچایا ہے۔ حافظ طاہر اشرفی نے موجودہ حکومت کی پالیسیوں کی تعریف کی اور کہا کہ ان کی قیادت نے ملک کی عالمی سطح پر ساکھ بہتر بنائی ہے۔ انہوں نے چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر کی بھی تعریف کی اور انہیں پاکستان اور مسلم دنیا کے لیے ایک بااثر شخصیت قرار دیا۔