لاہور(کرائم رپورٹر)ڈی آئی جی آپریشنزلاہور فیصل کامران نے ستائیسویں رمضان کی مناسبت سے رات گئے شہر کی مختلف مساجد اور مارکیٹوں کا دورہ کیا۔ انہوں نے بادشاہی مسجد اور داتا دربار پر سیکورٹی کا جائزہ لیا۔ فیصل کامران نے ڈیوٹی پر موجود افسران واہلکاروں سے ملاقات کی اور انہیں الرٹ رہنے کی ہدایت کی۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے مختلف بازاروں کی بھی سیکورٹی صورتحال کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے شہریوں کیلئے پینوراما شاپنگ سنٹر پر لگائے گئے پولیس کیمپ کا بھی دورہ کیا۔ فیصل کامران کا اس موقع پر کہنا تھا کہ ستائسیویں رمضان کے اجتماعات کے پیش نظر اضافی سیکورٹی تعینات کی گئی۔پانچ ہزار سے زائد پولیس جوان ڈیوٹی پر مامورر ہے۔ انہوں نے کہا کہ بڑی مارکیٹوں میں شہریوں میں احساس تحفظ پیدا کرنے کیلئے فوری رسپانس کے لیے سپیشل کیمپس لگائے ہیں۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ عبادت گاہوں،مارکیٹوں و بازاروں میں شہریوں کی حفاظت کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لارہے ہیں۔تمام افسران خود فیلڈ میں سیکورٹی کو مانیٹر کر رہے ہیں۔شہری کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع فورا 15 پر دیں۔ بعد ازاں ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے نماز فجر کے بعد مختلف مساجد کے سرپرائز دورے بھی کئے۔ انہوں نے دھرم پورہ میں مختلف مساجد کی سرپرائز چیکنگ کی اور ڈیوٹی پر موجود جوانوں سے ملاقات بھی کی۔ فیصل کامران نے کہا کہ ڈیوٹی پر موجود جوان مکمل الرٹ ہیں۔ شہر بھر کی تمام مساجد کے سیکورٹی پلان پر عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔شہریوں سے گزارش ہے کہ دورانِ چیکنگ پولیس کے ساتھ تعاون کریں۔