ڈی آئی جی محمد فیصل کامران کے شہر کے مختلف علاقوں کے دورے

کالج روڈ اور واپڈا ٹاؤن کی مارکیٹوں کے دورے کر کے سکیورٹی انتظامات چیک کئے
لاہور(کرائم رپورٹر) ڈی آئی جی آپریشنز لاہور محمد فیصل کامران نے رات گئے شہر کے مختلف علاقوں کے سرپرائز دورے کر کے سموگ لاک ڈاؤن پر عمل درآمداور امن و امان کی صورت حال کا جائزہ لیا۔انہوں نے بابا گرونانک جنم دن تقریبات پر آئے غیر ملکی مہمانوں کے سکیورٹی انتظامات بھی دیکھے۔فیصل کامران نے انار کلی بازار، مال روڈ، ہال روڈ، لبرٹی مارکیٹ، مین بلیوارڈ، برکت مارکیٹ، ٹاؤن شپ مارکیٹ، کالج روڈ اور واپڈا ٹاؤن کی مارکیٹوں کے دورے کر کے سکیورٹی انتظامات چیک کئے۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے ڈولفن سکواڈ، پی آر یو اور دیگر پٹرولنگ یونٹس کو چیک کیااور الرٹ ہو کر ڈیوٹی کرنے کی ہدایات  جاری کیں۔اْنہوں نے لاک ڈاؤن پرمکمل عمل درآمد کروانے اور فیلڈ میں متحرک رہنے پر تمام ٹیموں کو شاباش دی اور کارکردگی کو سراہا۔فیصل کامران نے موبائل سکواڈ کی ڈیوٹی روسٹر کے مطابق موجودگی بھی چیک کی۔انہوں نے موبائل سکواڈ کو مشکوک گاڑیوں کی سختی سے چیکنگ کرنے اور کسی بھی ناخوشگوارصورتحال کی صورت میں فوری کارروائی عمل میں لانے کی ہدایت کی۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا کہ لاہور پولیس سموگ لاک ڈاؤن پر عمل درآمد کے ساتھ ساتھ سکیو رٹی ڈیوٹی کے لیے بھی مکمل متحرک ہے۔شہر بھر میں 122 ڈولفن ٹیموں کے علاوہ 50 پی آر یوکی ٹیمیں بھی پٹرولنگ پر مامور ہیں۔اس کے علاوہ شہر بھر میں موبائل سکواڈ بھی چوبیس گھنٹے متحرک ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پولیس ٹیمیں مستعدی سے ڈیوٹی کریں تاکہ شہری اطمینان سے زندگی گزار سکیں۔