لاہور(کرائم رپورٹر)لاہور پولیس کی جانب سے جمعتہ الوداع کے موقع پر سخت سیکیورٹی انتظامات کے ساتھ ساتھ شہریوں کی سہولت کے لیے کھلی کچہریوں کا بھی انعقاد عمل میں لایا گیا۔ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے فیلڈ چیکنگ کے بعد اپنے دفتر اور جامع مسجد مدینہ کینٹ میں کھلی کچہریاں لگائیں۔ اس موقع پر ایس پی کینٹ، ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز اور دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔ڈی آئی جی آپریشنز نے شہریوں کے مسائل غور سے سنے اور موقع پر ہی متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں سے زیادتی اور ناانصافی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔جھوٹے مقدمات درج کرنے اور اختیارات سے تجاوز کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے اور ایسے عناصر جیل کی سلاخوں کے پیچھے ہوں گے۔فیصل کامران نے مزید کہا کہ مساجد میں کھلی کچہریوں کا مقصد عوام کو ان کی دہلیز پر انصاف اور ریلیف فراہم کرنا ہے۔ ''لاہور پولیس کے تمام ایس ایچ اوز اور افسران ہر جمعہ کو مساجد میں کھلی کچہریوں کا انعقاد کرتے ہیں، جو عوام کا پولیس پر اعتماد بحال کرنے میں معاون ثابت ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ''لاہور پولیس کا ہر جوان عوام کے تحفظ اور خدمت کے لیے ہر دم تیار ہے،''انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ جرائم کے خاتمے میں پولیس کا بھرپور ساتھ دیں اور اگر کسی کو پولیس اہلکارکے خلاف کوئی شکایت ہو تو وہ بلا جھجک براہ راست میرے دفتر آ سکتا ہے۔