نیو انارکلی پولیس نے لاہور میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے موٹر سائیکل چوری کرنے والے پانچ رکنی گروہ کو گرفتار کر لیا۔
پولیس نے بتایا کہ ملزمان میں سالہ اور بہنوئی بھی شامل ہیں، جنہوں نے چند دنوں میں درجنوں موٹر سائیکلیں چوری کیں۔پریس کانفرنس میں ڈی ایس پی حافظ عبیداللہ نے کہا کہ ملزمان نے منظم گروہ کی شکل اختیار کر رکھی تھی اور لاہور کے مختلف علاقوں سے موٹر سائیکل چوری کرکے انہیں آدھے گھنٹے میں پرزہ پرزہ کر دیتے تھے۔ یہ پارٹس آن لائن فروخت کیے جاتے تھے اور چوری شدہ موٹر سائیکلوں کو اپنے بنائے گئے گودام میں چھپایا جاتا تھا۔پولیس نے ملزمان کے قبضے سے 150 کے قریب موٹر سائیکل کے مختلف پارٹس، موٹر سائیکل کھولنے والے اوزار، کٹر اور کنڈے برآمد کیے۔ ملزمان کے زیرِ استعمال لوڈر رکشے بھی پولیس نے تحویل میں لے لیے۔
ملزمان الماس اور شہروز چوری شدہ موٹر سائیکلوں کو اپنے ساتھیوں اللہ یار اور دلاور کے ذریعے پارٹس میں تقسیم کرتے تھے۔ ان پارٹس کو بعد میں آصف نامی شخص کو فروخت کیا جاتا تھا جو انہیں پریس کر کے فروخت کے قابل بناتا تھا۔ ملزمان 10 سے 12 ہزار روپے میں شہریوں کی لاکھوں مالیت کی موٹر سائیکلیں فروخت کرتے تھے۔ایس پی سٹی نے پولیس کی ٹیم کو شاباش دی اور انعامات دینے کا اعلان کیا۔ اس کارروائی کے بعد مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔