لاہور میں لوہاری گیٹ پولیس نے گاڑیوں کے شیشے توڑ کر قیمتی سامان چوری کرنے والے دو رکنی نقب زن گینگ کو گرفتار کرلیا۔
پولیس نے ملزمان کے قبضے سے نقب زنی میں استعمال ہونے والے آلات، گاڑی سے چوری کیا گیا سامان اور غیرقانونی اسلحہ بھی برآمد کرلیا ہے۔پولیس ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان نے چار روز قبل ایک کیری ڈبے کے شیشے توڑ کر اس میں سے بی پی کٹس اور دیگر سامان چوری کیا تھا۔ واقعے کے بعد پولیس نے ملزمان کی تلاش شروع کی اور سیف سٹی کیمروں کی مدد سے ان کی شناخت کرکے انہیں گرفتار کرلیا۔پولیس کے مطابق ملزمان دکان داروں اور گھر والوں کی عدم موجودگی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے چوری اور نقب زنی کی وارداتیں کرتے تھے۔ ملزمان مبینہ طور پر گاڑیوں کے شیشے توڑ کر اندر موجود قیمتی سامان چوری کرتے اور موقع سے فرار ہوجاتے تھے۔پولیس نے کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے نقب زنی کے آلات، چوری کیا گیا سامان اور غیرقانونی اسلحہ برآمد کیا ہے۔ برآمد ہونے والی اشیا کو مزید قانونی کارروائی کے لیے تحویل میں لے لیا گیا ہے۔
ایس پی سٹی ارشد حیات کانجو کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت گلزار اور زبیر کے نام سے ہوئی ہے۔ دونوں ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرلیے گئے ہیں، جبکہ ان سے مزید تفتیش اور قانونی کارروائی جاری ہے۔ایس پی سٹی ارشد حیات کانجو کا کہنا ہے کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور شہر میں جرائم کی روک تھام کے لیے جرائم پیشہ عناصر کی کڑی نگرانی کی جارہی ہے۔ پولیس کی جانب سے چوری اور نقب زنی میں ملوث افراد کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔