وزیراعلیٰ مریم نواز نے عید کے موقع پر زائد کرایہ وصول کرنے والے ٹراسپورٹرز کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم دے دیا۔
وزیراعلیٰ نے اس ضمن میں تمام اضلاع میں مقررہ کرایوں پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے ضروری اقدامات کا حکم دیا اور ڈپٹی کمشنرز کو زائد کرایوں کی وصولی روکنے کے لیے کڑی مانیٹرنگ کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے تمام بس سٹینڈز پر کرایہ نامے نمایاں طور پر آویزاں کرنے، صفائی ستھرائی کو بہتر بنانے، انتظار گاہوں میں بیٹھنے کی مناسب سہولتیں فراہم کرنے، پنکھے لگانے، اور عوامی ریلیف کے لیے محکمہ ٹرانسپورٹ و دیگر متعلقہ حکام کو فیلڈ میں چیکنگ ڈیوٹی کی ہدایت بھی کی۔مریم نواز نے کہا کہ عید پر اپنے گھروں کو لوٹنے والے مسافروں کے استحصال کی اجازت نہیں دی جائے گی اور ہر بس سٹینڈ پر کرائے نامے آویزاں کرکے ان پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسافروں سے زائد کرایہ وصول کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے گی۔