کراچی: سندھ حکومت نے عید کے موقع پر اضافی کرایہ وصول کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف کریک ڈاؤن کا آغاز کر دیا ہے۔
وزیر ٹرانسپورٹ سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ عوام کو ریلیف دینے کے لیے ٹرانسپورٹ حکام کو کرایہ کنٹرول کرنے کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔ ڈی آئی جی ٹریفک اور کمشنرز کو غیر قانونی کرایہ بڑھانے والوں کے خلاف فوری کارروائی کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا کہ سندھ حکومت عوام کو اضافی مالی بوجھ سے بچانے کے لیے سخت اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے ٹرانسپورٹ مالکان کو متعین کرایوں پر عملدرآمد کرنے کی ہدایت دی اور کہا کہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف جرمانہ اور قانونی کارروائی کی جائے گی۔شرجیل میمن نے عوام سے اپیل کی کہ اگر کسی ٹرانسپورٹر کی جانب سے زائد کرایہ وصول کیا جا رہا ہو تو وہ فوری طور پر شکایت درج کرائیں۔ عوام شکایات واٹس ایپ نمبر 0300-3495375 پر اور ایمیل کے ذریعے secretarytransportsindh@gmail.com پر بھیج سکتے ہیں۔
سندھ بھر میں بس اڈوں اور ٹرمینلز پر چیکنگ کی جائے گی اور زائد کرایہ لینے والوں کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر کارروائی کی جائے گی۔