سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کی ہدایت پر ٹریفک پولیس نے شہر بھر میں گداگروں کے خلاف کارروائیوں میں مزید تیزی لا دی ہے۔
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق گزشتہ 45 روز کے دوران مجموعی طور پر 1407 گداگروں کے خلاف مختلف مقامات پر کارروائیاں کی گئیں، جن میں مرد، خواتین، بچے اور خواجہ سرا شامل ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق کارروائیوں میں:
510 خواتین
620 مرد
190 بچے
200 سے زائد خواجہ سرا
کو شہر کے مختلف چوراہوں اور ٹریفک سگنلز سے ہٹا دیا گیا۔ترجمان کے مطابق کارروائی کے دوران پیشہ ور گداگروں اور جعلی معذوری کا بہانہ بنا کر بھیک مانگنے والے افراد کے خلاف 10 مقدمات بھی درج کیے گئے ہیں۔مزید بتایا گیا ہے کہ ٹریفک پولیس نے 997 بھکاریوں کو ایدھی ہومز کے مختلف مراکز کے حوالے کیا، جبکہ 26 بچوں کو چائلڈ پروٹیکشن یونٹ کے سپرد کیا گیا تاکہ ان کی بہتر دیکھ بھال اور بحالی ممکن بنائی جا سکے۔
سی ٹی او لاہور نے ہدایت جاری کی ہے کہ شہر کی مصروف اور اہم شاہراہوں کو گداگروں سے پاک رکھنے کے لیے بلا تعطل کارروائیاں جاری رکھی جائیں۔ ان کا کہنا ہے کہ پیشہ ور گداگری نہ صرف ٹریفک کی روانی متاثر کرتی ہے بلکہ شہریوں کی حفاظت اور شہری نظم و ضبط کے لیے بھی ایک بڑا چیلنج ہے، اس لیے اس کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی۔