لاہور پولیس نے شہر میں امن و امان کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے اور جرائم کے سدِباب کے لیے کرایہ داری ایکٹ پر عملدرآمد یقینی بنانے کی غرض سے خصوصی آپریشنز شروع کر رکھے ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق کرایہ داروں کے کوائف کی بروقت تصدیق نہ کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ترجمان لاہور پولیس نے بتایا کہ رواں ماہ کرایہ داری ایکٹ کی خلاف ورزی پر 197 افراد کو گرفتار کیا گیا جبکہ شہر کے مختلف تھانوں میں 107 مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ ان کارروائیوں کا مقصد ایسے عناصر کی نشاندہی اور گرفتاری ہے جو بغیر تصدیق کے رہائش اختیار کر کے جرائم میں ملوث ہو سکتے ہیں۔سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے اس حوالے سے کہا ہے کہ کرایہ داروں کے کوائف کی تصدیق کے لیے پولیس ٹیمیں فیلڈ میں مسلسل متحرک ہیں اور ہاؤس مالکان کو قانون کے مطابق کرایہ داروں کا اندراج یقینی بنانے کی ہدایات دی گئی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہریوں کے تعاون کے بغیر اس مہم کو کامیاب نہیں بنایا جا سکتا۔
بلال صدیق کمیانہ کے مطابق جدید پولیس سافٹ ویئرز اور ڈیجیٹل ڈیٹا کی مدد سے جرائم پیشہ افراد کی نشاندہی اور گرفتاری عمل میں لائی جا رہی ہے، جس سے شہر میں جرائم کی روک تھام میں نمایاں مدد مل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرایہ داری ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی اور کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔سی سی پی او لاہور نے ہاؤس مالکان اور پراپرٹی ڈیلرز سے اپیل کی ہے کہ وہ قانون کی پاسداری کرتے ہوئے کرایہ داروں کے مکمل کوائف فوری طور پر متعلقہ تھانوں میں جمع کرائیں تاکہ شہر میں امن و امان کو یقینی بنایا جا سکے اور کسی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔