وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عید کے موقع پر مقررہ کرایوں سے زائد وصولی کے خلاف سخت کارروائی کا حکم جاری کر دیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے تمام اضلاع میں مقررہ کرایوں پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے ڈپٹی کمشنرز کو کڑی مانیٹرنگ کی ہدایت دی ہے، جبکہ زائد کرایہ وصولی اور ٹکٹوں کی بلیک مارکیٹنگ روکنے کے لیے فیلڈ میں مسلسل چیکنگ کے احکامات بھی دیے گئے ہیں۔انہوں نے تمام بس اسٹینڈز پر کرایہ نامے نمایاں آویزاں کرنے، صفائی ستھرائی برقرار رکھنے، انتظار گاہوں میں بیٹھنے کے مناسب انتظامات اور پنکھوں کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایات بھی جاری کی ہیں۔وزیراعلیٰ نے روزہ دار مسافروں کے لیے افطار کے انتظامات کرنے کی ہدایت بھی دی تاکہ شہری سفر کے دوران سہولت سے مستفید ہو سکیں۔
مریم نواز شریف نے واضح کیا کہ عید کے موقع پر غریب مسافروں کا استحصال برداشت نہیں کیا جائے گا اور زائد کرایہ وصول کرنے والوں کے خلاف فوری قانونی کارروائی کی جائے گی۔مزید برآں، بازاروں اور مارکیٹوں میں سماج دشمن عناصر کی آمدورفت پر بھی کڑی نگرانی رکھنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے تاکہ عید کے دوران امن و امان کی صورتحال برقرار رکھی جا سکے۔