اسرائیلی جارحیت اور بربریت قابل مذمت ، مسئلہ فلسطین کا منصفانہ حل پائیدار امن کے لیے ناگزیر،یوم القدس پر بیان
اسلام آباد(آئی این پی )سپیکر قومی اسمبلی سردارایازصادق نے کہاہے کہ یوم القدس مظلوم فلسطینی عوام سے یکجہتی کے اظہار کا دن ہے، غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت اور اور بربریت انتہائی قابل مذمت ہے، عالمی برادری فلسطینی عوام پر جاری اسرائیلی جارحیت رکوانے کے لیے فوری اور موثر اقدامات کرے۔یوم القدس کے موقع پر اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ یوم القدس مظلوم فلسطینی عوام سے یکجہتی کے اظہار کا دن ہے، غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت اور اور بربریت انتہائی قابل مذمت ہے۔ عالمی برادری فلسطینی عوام پر جاری اسرائیلی جارحیت رکوانے کے لیے فوری اور موثر اقدامات کرے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کی پارلیمان اور عوام فلسطینیوں کے حق خودارادیت اور آزادی کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔ پاکستان 1967 سے پہلے والی سرحدوں پر آزاد فلسطینی ریاست کے قیام اور القدس الشریف کو اس کا دارالحکومت بنانے کے اصولی موقف پر قائم ہے ۔ سردار ایاز صادق نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ فلسطین کا منصفانہ حل خطے میں پائیدار امن کے لئے ناگزیر ہے۔