سپیکر قومی اسمبلی کا خیبرپختونخوا میں 15خوارجی دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین
اسلام آباد(آ ئی این پی )سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ قوم سکیورٹی فورسز کی لازوال قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی،پاکستان کے بہادر سپوتوں نے وطن کے دفاع اور سلامتی کی خاطر بے مثال قربانیاں دی ہیں۔اتوار کو سپیکر میڈیا آفس سے جاری بیان کے مطابق سپیکرقومی اسمبلی نے خیبرپختونخوا میں مختلف کارروائیوں کے دوران 15 خوارجی دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین اور شہید ہونے والے لانس نائیک عثمان محمد اور سپاہی عمران خان کو خراج عقیدت پیش کیاہے۔ سپیکر قومی اسمبلی نے شہید لانس نائیک عثمان محمد اور شہید سپاہی عمران خان کے لواحقین سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ شہید لانس نائیک عثمان محمد اور شہید سپاہی عمران خان کی لازوال قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔