جمعتہ الوداع اور یوم القدس جوش وجذبے سے منایاگیا

نماز جمعہ کے اجتماعات میں روح پروررقت آمیز مناظر،گڑگڑاکرتوبہ واستغفار 
ملک بھر میں القدس ریلیاں ،تباہ حال فلسطینیوں کیلئے دعائیں ،اسرائیل کی مذمت
لاہور،اسلام آباد(خصوصی رپورٹ )لاہورسمیت ملک بھر میں گزشتہ روز جمعتہ الوداع اورمقبوضہ بیت المقدس پر اسرائیلی قبضے کی یاد میں یوم القدس دینی وقومی جوش وجذبے سے منایاگیا۔ نماز جمعہ کے اجتماعات میں روح پرور رقت آمیز دیکھنے میں آئے ، فرزندان اسلام نے بارگاہ رب العزت میں سجدہ ریز ہوکر گڑ گڑا کرتوبہ واستفغار کیا جبکہ دین کی سربلندی عالم اسلام کی سلامتی ملک وقوم کی ترقی وخوشحالی اور فلسطین کے جنگ سے تباہ حال مسلمانوں کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں، نماز جمعٓ الوادع کے موقع پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے تھے ، اجتماعات میں علمائے کرام نے اسرائیلی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں جمعتہ الوداع پر سب سے بڑا اجتماع ہوا ،جڑواں شہروں کے رہائشیوں نے فیصل مسجد میں نماز جمعہ ادا کی ، اس موقع پر ملک کی ترقی ، خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ یوم القدس کی مناسبت سے مقبوضہ بیت المقدس پر اسرائیلی قبضے کی شدید مذمت کے ساتھ ساتھ فلسطین ، کشمیر اور غزہ معصوم اور بے گناہ مسلمانوں پر مظالم کی بھی مذمت کی گئی اور آرب العزت سے دعا کی گئی دنیامیں جہاں جہاں بھی مسلمان مصائب اور مظالم کا شکار ہیں، آ کریم ان کی دستگیری فرمائے۔ ملک بھر میں یوم القدس کی مناسبت سے مختلف مقامات پر مذہبی تنظیموں کی جانب سے القدس ریلیاں نکالی گئیں۔ یوم القدس کے موقع پر اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے اقوام عالم سے مطالبہ کیا گیا کہ مسئلہ فلسطین اور مسئلہ کشمیر سے متعلق سلامتی کونسل کی قراردادوں پر فوری عملدرآمد کرایا جائے ، شرکا نے مظلوم فلسطینی عوام سے بھرپور یکجہتی کیا اور اپنی حمایت کا یقین دلایا۔لاہور میں امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے زیر اہتمام ناصر باغ سے اسمبلی ہال تک یوم القدس ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ کراچی ،کوئٹہ ،پشاور سمیت ملک بھر کے شہروں میں سیاسی ومذہبی جماعتوں کے زہراہتمام یوم القدس پر ریلیوں کا اہتمام کیاگیا اور تباہ حال فلسطینیوں کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں جبکہ اسرائیلی ظلم کی بھرپور اندازمیں مذمت کی گئی۔