بھارت کیخلاف فتح سے پاکستان کو علاقائی و عالمی سطح پر بھرپور پذیرائی ملی:سردارایاز

سپیکرقومی اسمبلی کا افواجِ پاکستان کی جرات و بہادری کو خراج تحسین پیش، یوم تشکر منانے کے اعلان کا خیر مقدم 
ا سلام آباد(آئی این پی )اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی پر اظہارِ مسرت کرتے ہوئے افواجِ پاکستان کی جرات و بہادری کو خراج تحسین پیش کیا جبکہ یوم تشکر منانے کے وزیراعظم پاکستان کے اعلان کا خیر مقدم کیا ہے۔ اتوار کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ یہ د ن سجدہ شکر بجا لانے کا دن ہے، پاک فوج نے ہر محاذ پر دفاع کو یقینی بنایا، پوری قوم نے اتحاد اور یکجہتی کا مظاہرہ کیا جبکہ تمام سیاسی قوتوں نے ملکی سلامتی کو مقدم رکھا۔ اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ قومی یکجہتی نے پاکستان کو سفارتی و اخلاقی فتح دلائی، دشمن کو آپریشن بنیان مرصوص میں موثر جواب دیا گیا، ہر محاذ پر کامیابی اللہ تعالی کے فضل سے ممکن ہوئی۔ایاز صادق نے کہا کہ بھارت کے خلاف فتح سے پاکستان کو علاقائی اور عالمی سطح پر بھرپور پذیرائی ملی ہے۔ دنیا نے تسلیم کیا کہ پاکستان ایک خود مختار اور پرامن ملک ہے۔