سوشل میڈیا کو دہشت گردوں نے ہتھیار بنایا ہوا ہے، سوشل میڈیا پر پروپیگنڈے پر قانون کا سہارا لیا جا سکتا ہے
دہشتگردی کے خلاف قومی اور مقامی سطح پر اپنے موقف میں شفافیت لانا ہوگی‘ ریاست مخالف بیانیے پر کارروائی ہو رہی ہے
اسلام آباد(آئی این پی) وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے سوشل میڈیا کو ریگولیٹ کرنے کیلیے قانون سازی ہو رہی ہے۔ایک انٹرویو میں رانا ثنا اللہ نے کہا کہ دہشتگرد کسی بھی معاملے کو جواز بنا کر دہشتگردی کرنے پر وضاحت نہیں دے سکتا، دہشتگردی کے خلاف قومی اور مقامی سطح پر اپنے مقف میں شفافیت لانا ہوگی۔رانا ثنا اللہ نے کہا کہ بلوچستان میں گورننس کا کوئی مسئلہ ہے تو اسے حل کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے، دہشتگرد یہ مقف اپنا نہیں سکتے کہ بلوچستان میں احساس محرومی ہے۔انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا کو دہشتگردوں نے ہتھیار بنایا ہوا ہے، سوشل میڈیا پر پروپیگنڈے پر قانون کا سہارا لیا جا سکتا ہے، تفتیشی ادارے سوشل میڈیا کے غلط استعمال کے خلاف معاملے کو ریگولیٹ کر سکتی ہیں، دہشتگردی اور ریاست مخالف بیانیے پر کارروائی ہو رہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ گرینڈ آپریشن میں ایسا کیا ہوگا جو اب نہیں ہو رہا؟ جعفر ایکسپریس پر حملے کے بعد ہمارے جوانوں نے مہارت کے ساتھ آپریشن مکمل کیا، ہمارے جوان اور فوجی افسران فرنٹ لائن پر دہشتگردوں سے لڑتے اور جان کا نذرانہ دیتے ہیں، کسی بھی دہشتگرد سے متعلق اطلاع پر فورسز فوری آپریشن کرتی ہیں۔