شہبازشریف سے پیپلزپارٹی کے وفد کی ملاقات‘حکومتی قانون سازی پر تحفظات سے آگاہ کیا‘قانون سازی کیلئے اتحادی جماعتوں کو اعتماد میں لیا جائے:وزیراعظم کی ہدایت

ایران‘امریکہ جنگ وزیراعظم  آج پارلیمانی رہنمائوں کو بریفنگ دینگے
 حکومتی اور  پارلیمانی رہنمائوں کو خصوصی ان کیمرہ بریفنگ دی جائے گی جس کا مقصد سیاسی جماعتوں کو عالمی حالات سے متعلق جامع اور یکساں معلومات فراہم اور قومی یکجہتی سے پاکستان کے مؤثر ردعمل کو یقینی بنانا ہے
پاکستان پیپلز پارٹی حکومت کی اہم اتحادی جماعت ہے‘ملکی تعمیر و ترقی کیلئے اہم فیصلوں میں پیپلز پارٹی نے حکومت کا ہر قدم پر ساتھ دیا جس پر اس کے مشکور ہیں:وزیراعظم کی وفد سے ملاقات میں گفتگو
تمام سرکاری ادارے شہریوں کو سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے تمام بلوں پر کیو آر کوڈ فراہم کریں‘ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام کے اہداف کے معینہ مدت میں حصول کو یقینی بنایا جائے:وزیراعظم کی ہدایت
اسلام آباد  (آن لائن‘آئی این پی)وزیراعظم شہباز شریف نے موجودہ عالمی صورتحال، خاص طور پر مشرق وسطیٰ اور ایران-اسرائیل کشیدگی کے پس منظر میں اہم فیصلہ کرتے ہوئے سینیٹ اور قومی اسمبلی کے پارلیمانی لیڈرز اور اپوزیشن رہنماؤں کو خصوصی ان کیمرہ بریفنگ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔وزیراعظم کی ہدایت پر یہ بریفنگ آج   دن 11 بجے ہوگی، جس میں تمام سیاسی جماعتوں کے رہنما عالمی کشیدگی کے اثرات، پاکستان کی خارجہ پالیسی اور قومی مفاد کے حوالے سے آگاہ کیے جائیں گے۔ وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء   اللہ تمام جماعتوں کے پارلیمانی رہنماؤں اور اپوزیشن لیڈروں سے رابطہ کر کے بریفنگ کے انتظامات کو حتمی شکل دیں گے۔سرکاری ذرائع کے مطابق اس اقدام کا مقصد سیاسی جماعتوں کو عالمی حالات سے متعلق جامع اور یکساں معلومات فراہم کرنا اور قومی یکجہتی کے ساتھ پاکستان کے مؤثر ردعمل کو یقینی بنانا ہے۔دریں اثناء وزیراعظم  محمد شہباز شریف نے کہا ہے  پاکستان پیپلز پارٹی حکومت کی اہم اتحادی جماعت ہے‘ملکی تعمیر و ترقی کیلئے اہم فیصلوں میں پیپلز پارٹی نے حکومت کا ہر قدم پر ساتھ دیا جس پر اسکے مشکور ہیں۔ وزیراعظم محمد شہبازشریف سے پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے وفد کی ملاقات کا اعلامیہ جاری کیاگیا ہے ۔اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی حکومت کی اہم اتحادی جماعت ہے‘ملکی تعمیر و ترقی کیلئے اہم فیصلوں میں پیپلز پارٹی نے حکومت کا ہر قدم پر ساتھ دیا جس پر اسکے مشکور ہیں۔اجلاس میں موجودہ ملکی سیاسی صورتحال پر مشاورت ہوئی۔اجلاس میں خطے کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔پیپلز پارٹی کے وفد نے وزیرِاعظم کو حکومتی قانون سازی پر اپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیرِاعظم نے حکومتی رہنماں کو قانون سازی میں اتحادی جماعت کو اعتماد میں لینے کی ہدایت کی ہے‘علاوہ ازیں شہباز شریف نے ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام کے اہداف کے معینہ مدت میں حصول کو یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام سرکاری ادارے شہریوں کو سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے تمام بلز پرکیو آر کوڈ فراہم کریں۔ وزیراعظم محمد شہبازشریف کی زیرِ صدارت کیش لیس اکانومی کے فروغ پر جائزہ اجلاس ہوا۔ وزیرِ اعظم نے وفاقی و صوبائی حکومتوں کی جانب سے تنخواہوں پینشنز اور وینڈرز کو ادائیگیاں راست  کے ڈیجیٹل ادائیگی کے نظام پر منتقل کرنے پر معاشی ٹیم اور اسٹیٹ بینک کی پزیرائی کی۔وزیراعظم نے وزارت خزانہ کی ٹیم کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ جولائی 2025 سے جنوری 2026 تک وفاقی و صوبائی حکومتوں کی جانب سے راست کے ذریعے 1.6 ٹریلین کی ادائیگیاں کی گئیں۔وزیرِ اعظم نے رمضان ریلیف پیکیج کے تحت اب تک 71 فیصد مستحق افراد تک امدادی رقوم کی فراہمی اوربی آئی ایس پی ٹیم کی پزیرائی کی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ گزشتہ برس مستحقین کو رقوم کی فراہمی رمضان کے 12ویں دن تک 24 فیصد جبکہ رواں برس وزیرِ اعظم کی خصوصی ہدایت پر بروقت اقدامات سے یہ 71 فیصد کی حد عبور کر چکی۔اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ ڈیجیٹل بینکنگ سے استفادہ حاصل کرنے والے افراد کی تعداد 127 ملین سے تجاوز کر چکی۔