وزیراعظم شہاز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت نے پاکستان کا عالمی تشخص مضبوط کیا ، پوری قوم کے اتحاد اور سکیورٹی فورسز کی قربانیوں کی بدولت دہشتگردی کے ناسور کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا اور پاکستان کو امن و استحکام کا گہوارہ بنایا جائے گا۔
بھارت شکست کے باوجود اب بھی سازشوں میں مصروف ہے،افغانستان کی سر زمین کو پاکستان میں دہشتگردی کیلئے استعمال کر رہا ہے،پاک فوج دشمن کے تمام عزائم ناکام بنانے کی مکمل صلاحیت کھتی ہے: وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور
لاہور(آئی این پی ) وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور و مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما سینیٹررانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ آج دنیا کی سپر پاورز بھی پاکستان کے کردار اور قربانیوں کا اعتراف کرتے ہوئے اس کا شکریہ ادا کر رہی ہیں جبکہ بھارت شکست کے باوجود اب بھی سازشوں میں مصروف ہے۔ اپنے بیان میں رانا ثنا اللہ نے الزام عائد کیا کہ بھارت افغانستان کی سر زمین کو پاکستان میں دہشتگردی کے لئے استعمال کر رہا ہے تاہم پاکستانی قوم اور سکیورٹی ادارے دشمن کے تمام عزائم ناکام بنانے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہاز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت نے پاکستان کا عالمی تشخص مضبوط کیا اور دنیا میں ملک کا موقف موثر انداز میں اجاگر کیا ہے۔رانا ثنا اللہ کا مزید کہنا تھا کہ پوری قوم کے اتحاد اور سکیورٹی فورسز کی قربانیوں کی بدولت دہشتگردی کے ناسور کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا اور پاکستان کو امن و استحکام کا گہوارہ بنایا جائے گا۔