مخالفین کو کشمیر میں ہماری کامیابی ہضم نہیں ہو رہی عطا ء اللہ تارڑ حکومت سازی کیلئے اکثریت حاصل کر لی رانا ثناء اللہ

 2024 کے عام انتخابات پر سوال اٹھائے جاتے ہیں تو سندھ حکومت پر بھی سوالات اٹھتے ہیں، الزامات لگانے والے اپنے دعوؤں کے شواہد بھی پیش کریں‘گلگت بلتستان میں کامیابی پر پیپلز پارٹی کو مبارکباد دی تھی:وفاقی وزیراطلاعات
  شفاف انتخابات ہوئے،  عوام نے نواز شریف کے وژن کو ووٹ دیا ‘ مظفرآباد میں پیپلز پارٹی کے لوگوں نے ایکشن کمیٹی کے ساتھ مل کر  ہنگامہ کرایا، چودھری لطیف اکبر پر قاتلانہ حملہ نہیں ہوا:راناثناء کی امیر مقام کیساتھ پریس کانفرنس
اسلام آباد(ایجنسیاں‘مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے  مخالفین کو آزاد کشمیر میں ہماری کامیابی ہضم نہیں ہو رہی ہے۔وفاقی دارالحکومت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے دوسرے مرحلے میں بھی مسلم لیگ (ن) نے واضح برتری حاصل کی ہے اور پارٹی کو سادہ اکثریت مل چکی ہے۔ عوام نے انتخابی عمل میں بھرپور حصہ لیا اور تعمیر و ترقی، کارکردگی اور خدمت کے ٹریک ریکارڈ کی بنیاد پر مسلم لیگ (ن) کو ووٹ دیا، مخالفین کو مسلم لیگ (ن) کی کامیابی ہضم نہیں ہو رہی اور بلاجواز الزامات لگائے جا رہے ہیں۔وفاقی وزیر اطلاعات کا سندھ کے وزیر اطلاعات کی جانب سے لگائے گئے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہنا تھا کہ اگر 2024 کے عام انتخابات پر سوال اٹھائے جاتے ہیں تو سندھ حکومت پر بھی سوالات اٹھتے ہیں، انہوں نے مطالبہ کیا کہ الزامات لگانے والے اپنے دعوؤں کے شواہد بھی پیش کریں۔عطا تارڑ نے کہا کہ جس طرح مسلم لیگ (ن) نے گلگت بلتستان کے انتخابات میں پیپلز پارٹی کو کامیابی پر مبارکباد دی تھی، اسی طرح پیپلز پارٹی کو بھی آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن) کی کامیابی پر مبارکباد دینی چاہیے۔انہوں نے اپوزیشن پر زور دیا کہ انتخابی نتائج کو خوش دلی سے قبول کرے اور آگے بڑھنے کی سیاست اپنائے۔ وزیراعظم شہباز شریف کے مشیر برائے سیاسی اموررانا ثنا اللہ نے امیر مقام کے ساتھ پریس کانفرنس میں کہا  ن لیگ نے آزاد کشمیر میں حکومت سازی کے  لئے سادہ اکثریت حاصل کر لی ہے،آزاد کشمیر میں ایک جمہوری اور عوامی مینڈیٹ سے حکومت بن رہی ہے، قانون ساز اسمبلی کی 45 میں سے 23 نشستوں  پارٹی  کامیابی حاصل کر چکی ہے ۔ آزاد کشمیر میں شفاف انتخابات ہوئے، کشمیر کے عوام نے نواز شریف کے وژن کو ووٹ دیا جس پر کشمیر کی عوام کے شکر گزار ہیں اور تمام کامیاب امیدواروں کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ان کا کہنا تھا آزاد کشمیر میں ایک جمہوری اور عوامی مینڈیٹ سے حکومت بن رہی ہے، آزاد کشمیر کی آنے والی حکومت تمام عوامی مسائل کا حل یقینی بنائے گی، نواز شریف نے آزاد کشمیر کی عوام سے جو دعدے کیے ہیں ن لیگ انہیں پورا کرے گی۔