خیبر پختونخوا کے ضلع لوئر دیر میں 19 سالہ لڑکی کے قتل کے مقدمے میں پولیس نے مقتولہ کے کزن کو گرفتار کر لیا، جبکہ مرکزی ملزم قرار دیے جانے والے چچا کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
پولیس ترجمان کے مطابق لڑکی کو تین روز قبل رباط کے علاقے میں فائرنگ کر کے قتل کیا گیا تھا۔ واقعے کے بعد ملزمان نے شواہد چھپانے کی غرض سے مقتولہ کی لاش کو خفیہ طور پر دفنا دیا۔
ترجمان نے بتایا کہ مقامی افراد کی اطلاع پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے گھر کے ایک کمرے سے لڑکی کی لاش برآمد کر لی، جس کے بعد مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کیا گیا۔
پولیس کے مطابق مقتولہ کے کزن کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جبکہ اس کے چچا کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے تمام پہلوؤں کی تحقیقات جاری ہیں اور دیگر ممکنہ ملزمان کے کردار کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔