دیر لوئر کے علاقے تالاش، سرائے بالا اور برچڑئی کے گھنے جنگلات میں لگنے والی آگ تیسرے روز بھی قابو میں نہیں آ سکی، جس کے باعث جنگلی حیات اور جنگلات کو شدید نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق آگ مسلسل تیزی سے پھیل رہی ہے اور اب تک اس پر مکمل طور پر قابو نہیں پایا جا سکا۔ صورتحال کو قابو کرنے کے لیے ریسکیو 1122، محکمہ جنگلات، سول ڈیفنس اور دیگر متعلقہ ادارے مشترکہ طور پر کارروائیاں کر رہے ہیں، جبکہ مقامی رضاکار بھی امدادی سرگرمیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ شدید گرمی، تیز ہوائیں، بھڑکتے شعلے اور دشوار گزار پہاڑی راستے ریسکیو آپریشن میں بڑی رکاوٹ بن رہے ہیں۔ اس کے باوجود ٹیمیں مسلسل آگ بجھانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔انتظامیہ کے مطابق متاثرہ علاقوں میں آگ کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے مختلف حکمت عملی اپنائی جا رہی ہے، تاہم مکمل کنٹرول کے لیے مزید وقت درکار ہو سکتا ہے۔