پاکستان کے گلوکار بلال سعید نے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو کے بعد ہونے والی تنقید پر ردعمل دیتے ہوئے وضاحت پیش کی ہے۔
ان دنوں بلال سعید اور گلوکارہ آئمہ بیگ لندن میں اپنے نئے میوزک پروجیکٹ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں، جہاں دونوں کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوئی۔ویڈیو میں دونوں فنکار لندن کی سڑکوں پر مداحوں کے ساتھ تصاویر بنواتے اور سیلفیاں لیتے دکھائی دیتے ہیں۔سوشل میڈیا پر بعض صارفین نے آئمہ بیگ کے لباس پر تنقید کی، جبکہ کچھ افراد نے دعویٰ کیا کہ دونوں فنکار مبینہ طور پر نشے کی حالت میں تھے۔ان قیاس آرائیوں پر بلال سعید نے ویڈیو پیغام میں وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ وائرل کلپ شوٹنگ کے دوران ریکارڈ کیا گیا تھا اور ان کے ہاتھوں میں کافی کے کپ تھے، نہ کہ کوئی نشہ آور مشروب۔
انہوں نے کہا، "اگر اردگرد موجود کچھ لوگ شراب پی رہے ہوں تو کیا اس کا مطلب یہ ہے کہ وہاں موجود ہر شخص بھی شراب پی رہا ہے؟"بلال سعید نے مزید کہا کہ وہ برسوں سے اپنے فن کے ذریعے پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے۔ انہوں نے سوشل میڈیا صارفین سے اپیل کی کہ بغیر حقائق جانے کسی کے بارے میں رائے قائم کرنے سے گریز کریں۔