علیحدگی کی خبروں کی نفی، آئمہ بیگ نے شوہر کے ساتھ ویڈیو شیئر کی

علیحدگی کی خبروں کی نفی، آئمہ بیگ نے شوہر کے ساتھ ویڈیو شیئر کی

پاکستان کی  گلوکارہ آئمہ بیگ نے اپنے شوہر زین احمد سے علیحدگی کے حوالے سے زیر گردش تمام افواہوں اور قیاس آرائیوں کی واضح طور پر تردید کر دی ہے۔

گزشتہ چند ہفتوں سے سوشل میڈیا پر ان کی شادی کے متعلق چہ مگوئیاں جاری تھیں، خصوصاً اس وقت جب رواں ماہ کے آغاز میں اچانک آئمہ بیگ نے نہ صرف اپنا انسٹاگرام اکاؤنٹ غیر فعال کر دیا تھا بلکہ شادی کی تمام تصاویر بھی ڈیلیٹ ہو گئی تھیں۔ اس اقدام کے بعد مداحوں میں بے چینی اور تشویش پیدا ہوئی اور مختلف پلیٹ فارمز پر یہ افواہیں گردش کرنے لگیں کہ شاید گلوکارہ اور زین احمد کے درمیان علیحدگی ہوچکی ہے۔تاہم آج آئمہ بیگ نے انسٹاگرام پر واپسی کے ساتھ ایک مختصر ویڈیو شیئر کی جس میں وہ اپنے شوہر زین احمد کے ساتھ نہایت خوشگوار موڈ میں نظر آ رہی ہیں۔ دونوں کی مسکراتی ہوئی جھلکیوں نے مداحوں کو واضح پیغام دیا کہ ان کے درمیان کسی قسم کی دوری یا تنازع کی خبریں بے بنیاد ہیں۔

گلوکارہ نے اپنی پوسٹ میں براہِ راست کچھ نہ کہتے ہوئے بھی، محض اس ویڈیو کے ذریعے یہ ثابت کر دیا کہ زیرِ گردش علیحدگی کی تمام افواہوں میں صداقت نہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے کسی ’بڑی چیز کے آنے‘ کا بھی اشارہ دیا ہے، جس سے مداحوں میں یہ بحث شروع ہوگئی ہے کہ شاید وہ جلد کوئی نیا میوزک پراجیکٹ یا خصوصی اعلان کرنے والی ہیں۔آئمہ بیگ کے اس قدم نے نہ صرف ان کی شادی سے متعلق پھیلنے والی خبروں کا باب بند کر دیا ہے بلکہ ان کے فینز کو ایک مرتبہ پھر جوش اور تجسس میں مبتلا کر دیا ہے۔