پاک بحریہ کے شہید افسر لیفٹیننٹ کمانڈر حمزہ عابد کی اہلیہ الویرا حمزہ نے اپنے شوہر کی شہادت کے غم کو عزم و حوصلے میں بدلتے ہوئے پاک بحریہ میں بطور آفیسر کمیشن حاصل کر لیا۔
الویرا حمزہ نے پاکستان نیوی کے شعبہ انفارمیشن ٹیکنالوجی میں شمولیت اختیار کی اور بہترین کارکردگی پر کمانڈنٹ گولڈ میڈل بھی اپنے نام کیا۔الویرا حمزہ نے کہا کہ ان کے شہید شوہر لیفٹیننٹ کمانڈر حمزہ عابد کی قربانی نے ان کے اندر بھی پاک بحریہ میں شامل ہونے کا جذبہ پیدا کیا۔ ان کے بقول، "جس یونیفارم میں میں نے اپنے شوہر کو دیکھا، آج اسی جیسا یونیفارم پہن کر اسی مقام پر کھڑا ہونا میرے اور میری بیٹی کے لیے باعثِ فخر ہے۔"انہوں نے کہا کہ ان جذبات کو الفاظ میں بیان کرنا ممکن نہیں۔ پاکستان نیول اکیڈمی میں گزارا گیا وقت ان کے لیے انتہائی یادگار رہا، جبکہ انہوں نے پاکستانی خواتین، خصوصاً نوجوان لڑکیوں کو فورسز میں شامل ہو کر ملک کی خدمت کرنے کی ترغیب بھی دی۔الویرا حمزہ کا پاک بحریہ میں بطور آفیسر کمیشن حاصل کرنا اور کمانڈنٹ گولڈ میڈل جیتنا عزم، حوصلے اور وطن سے محبت کی ایک نمایاں مثال قرار دیا جا رہا ہے۔