ویب ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف نے یومِ بحریہ کے موقع پر اپنے پیغام میں پاک بحریہ کے افسران اور جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک بحریہ نے ہمیشہ اپنے عزم، حوصلے اور پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کی ادائیگی سے قوم کا سر فخر سے بلند کیا۔
تاریخی خدمات کا ذکر
وزیراعظم نے کہا کہ یومِ بحریہ نہ صرف بحریہ کی تابناک تاریخ اور افسران کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا دن ہے بلکہ یہ پاکستان کی آبی سرحدوں اور مفادات کے تحفظ کے عزم کو دہرانے کا موقع بھی فراہم کرتا ہے۔انہوں نے 1965 کی جنگ میں آپریشن سومناتھ کو یادگار قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاک بحریہ نے بھارتی شہر دوارکا پر فیصلہ کن حملہ کر کے دشمن کا مواصلاتی نظام تباہ کیا۔ یہ کارنامہ نہ صرف بحریہ کی بہادری اور صلاحیتوں کا مظہر تھا بلکہ ملکی سالمیت کے غیر متزلزل عزم کی بنیاد بھی ثابت ہوا۔
قومی دفاع میں کردار
وزیراعظم نے کہا کہ 1965 کے بعد بھی بحیرہ عرب میں طاقت کے توازن کو قائم رکھنے میں پاک بحریہ نے اہم کردار ادا کیا ہے۔ حالیہ معرکہ حق میں بھی پاک بحریہ نے اپنی تاریخ کے مطابق شاندار تیاری اور عزم کا مظاہرہ کر کے دنیا کو یہ پیغام دیا کہ پاکستان اپنی آبی سرحدوں کے تحفظ کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔
آبی معیشت اور ترقیاتی اقدامات
انہوں نے کہا کہ پاک بحریہ جنگی محاذ کے ساتھ ساتھ پاکستان کی آبی معیشت (Blue Economy)، بندرگاہوں کی ترقی، آبی کمیونٹی کی فلاح و بہبود اور معاشی پہلوؤں میں بھی اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ آفات کے دوران انسانی امداد، آبی راستوں کے تحفظ اور بین الاقوامی مشقوں میں شرکت نے پاکستان کے وقار میں اضافہ کیا ہے۔
موجودہ اور سابق ہیروز کو سلام
وزیراعظم نے کہا کہ یومِ بحریہ کے موقع پر ہم پاک بحریہ کے ماضی اور حال کے ہیروز کو سلام پیش کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاک بحریہ نہ صرف ملک کی محافظ ہے بلکہ روشن مستقبل کی معمار بھی ہے۔آخر میں انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاک بحریہ، مسلح افواج اور پاکستان کو ترقی و خوشحالی سے ہمکنار کرے۔
پاک بحریہ زندہ باد، پاکستان پائندہ باد!