سعودی نیول چیف کا نیول ہیڈکوارٹرز راولپنڈی کا دورہ، پاک بحریہ سے تعاون مزید مضبوط کرنے پر اتفاق

سعودی نیول چیف کا نیول ہیڈکوارٹرز راولپنڈی کا دورہ، پاک بحریہ سے تعاون مزید مضبوط کرنے پر اتفاق

راولپنڈی: رائل سعودی نیول فورسز کے سربراہ وائس ایڈمرل عبدالرحمٰن الغریبی نے پاکستان کا اہم دورہ کرتے ہوئے نیول ہیڈکوارٹرز راولپنڈی میں پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف سے ملاقات کی۔

 ان کے ہمراہ اعلیٰ سطحی وفد بھی موجود تھا۔نیول ہیڈکوارٹرز آمد پر وائس ایڈمرل الغریبی کو پاک بحریہ کے چاک و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا، جس کے بعد دونوں ممالک کے بحری سربراہان کے درمیان اہم ملاقات ہوئی۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی سیکیورٹی صورتحال اور بحری تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاک بحریہ کی کاوشوں، خصوصاً ریجنل میری ٹائم سیکیورٹی پٹرولز (RMSP) کے ذریعے کیے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔سعودی نیول چیف نے پاک بحریہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، خطے میں سیکیورٹی کے قیام کے لیے ان کے مؤثر کردار اور سعودی کیڈٹس کو پاکستان نیول اکیڈمی میں فراہم کی جانے والی معیاری تربیت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔

دونوں سربراہان نے دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینے، مشترکہ مشقوں، تربیتی تبادلوں اور معلومات کے اشتراک کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔ اس موقع پر دوطرفہ بحری تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا۔سعودی نیول چیف کے اس دورے کو پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات میں دفاعی شعبے کی سطح پر مزید ہم آہنگی اور اعتماد کے فروغ کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔