پاکستان کے نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف کا کہنا ہے کہ چین میں تیار کی جانے والی پہلی ہنگور کلاس آبدوز 2026ء تک پاکستان کے بحریہ کے بیڑے میں شامل ہو جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ اس معاہدے کی کل مالیت 5 ارب ڈالر ہے جس کے تحت 8 آبدوزیں 2028ء تک مکمل طور پر پاکستان کے بیڑے میں شامل ہو جائیں گی۔ایڈمرل نوید اشرف کے مطابق، ان آبدوزوں میں سے چار چین میں تیار کی جائیں گی اور باقی آبدوزیں پاکستان میں تیار ہوں گی، جس سے مقامی تکنیکی صلاحیت میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ جدید آبدوزیں بحیرۂ عرب اور بحرِ ہند میں پاکستان کی نگرانی اور دفاعی طاقت کو مضبوط بنائیں گی۔نیول چیف نے یہ بھی بتایا کہ چینی دفاعی ساز و سامان قابلِ اعتماد اور جدید ثابت ہوا ہے، اور پاک بحریہ اب مصنوعی ذہانت، بغیر پائلٹ نظام اور الیکٹرانک وارفیئر کے شعبوں میں بھی چین کے ساتھ تعاون کو فروغ دے رہی ہے۔