ترک مسلح افواج کے ڈپٹی چیف آف جنرل اسٹاف جنرل لیونت ارگُن (General Levent ERGÜN) نے نیول ہیڈ کوارٹرز، اسلام آباد کا دورہ کیا اور چیف آف دی نیول اسٹاف، ایڈمرل نوید اشرف سے ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے پیشہ ورانہ امور، اسرائیل، امریکہ اور ایران کے درمیان جاری حالیہ تنازعہ کے تناظر میں علاقائی میری ٹائم سیکیورٹی، اور دوطرفہ دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں فریقین نے دفاعی تعلقات کو مضبوط بنانے، خصوصی طور پر ٹریننگ اور مشترکہ فوجی مشقوں کے فروغ پر زور دیا۔ایڈمرل نوید اشرف نے پاک بحریہ کی علاقائی میری ٹائم سیکیورٹی کے لیے کی جانے والی کاوشوں پر روشنی ڈالی، جبکہ جنرل لیونت ارگُن نے مشترکہ میری ٹائم سیکیورٹی کے فروغ میں پاک بحریہ کے کردار کو سراہا۔اس دورے کو پاکستان اور ترکیہ کے درمیان گہرے اسٹریٹجک تعلقات اور ایک محفوظ و مستحکم بحری ماحول کے قیام کے لیے مشترکہ عزم کا مظہر قرار دیا گیا۔