ویب ڈیسک: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے یومِ بحریہ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ جنگِ ستمبر کے دوران ’’آپریشن دوارکا‘‘ پاک بحریہ کی تاریخ کا سنہری اور درخشندہ باب ہے۔
انہوں نے کہا کہ 8 ستمبر پاک بحریہ کے بہادر سپوتوں کی عظیم قربانیوں اور ناقابلِ فراموش کارناموں کو یاد کرنے کا دن ہے۔
آپریشن دوارکا کا حوالہ
محسن نقوی نے کہا کہ 1965 کی جنگ میں پاک بحریہ نے بھارتی غرور کو سمندر کی گہرائیوں میں غرق کر کے بحری محاذ پر اپنی برتری ثابت کی۔ آپریشن دوارکا میں پاک بحریہ کے جانبازوں نے چند لمحوں میں دشمن کی اہم ساحلی تنصیبات کو تباہ کر کے سمندری جنگ کا نقشہ بدل دیا اور کراچی پر حملے کا بھارتی منصوبہ ناکام بنا دیا۔ اس کے بعد بھی پاک بحریہ کی مستعدی کے باعث دشمن کراچی پر دوبارہ حملے کی ہمت نہ کر سکا۔
جانبازوں کو خراجِ تحسین
انہوں نے کہا کہ یومِ بحریہ نہ صرف ایک تاریخی دن ہے بلکہ یہ بہادری، پیشہ ورانہ مہارت اور فرض شناسی کی تابندہ علامت بھی ہے۔ یہ دن اس عہد، جذبے اور یقین کی یاد دہانی ہے جو سمندر کی وسعتوں میں پاک بحریہ کے ساتھ پروان چڑھا۔
جدید بحری قوت کا تعارف
وزیر داخلہ نے کہا کہ آج پاک بحریہ جدید ٹیکنالوجی، میزائل سسٹمز اور خود انحصاری کے ساتھ ایک مضبوط اور مؤثر بحری قوت کے طور پر سامنے آ چکی ہے۔ عالمی بحری مشقوں میں شمولیت، علاقائی میری ٹائم سیکیورٹی میں قائدانہ کردار اور سفارتی سطح پر سرگرم شرکت، پاک بحریہ کی قابلِ فخر پہچان ہے۔
سمندری محافظوں پر قوم کا اعتماد
محسن نقوی نے کہا کہ قوم کو اپنے سمندری محافظوں پر فخر ہے جنہوں نے اپنی حکمتِ عملی، جذبہ سرفروشی اور پیشہ ورانہ مہارت کے ذریعے بحری سرحدوں کو ناقابلِ تسخیر بنا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک بحریہ آج بھی 8 ستمبر 1965 کے جذبے کو زندہ جاوید رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔