لبنانی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ نے اسرائیل پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ لبنان اور اپنے عوام کے دفاع کا حق محفوظ رکھتی ہے۔
حزب اللہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج نے اتوار کے روز جنوبی لبنان کے مختلف علاقوں پر متعدد حملے کیے، جو جنگ بندی معاہدے کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔
بیان کے مطابق اسرائیلی جنگی طیاروں نے جنوبی شہر نباتیہ اور قریبی قصبے میفدون میں رہائشی عمارتوں کو نشانہ بنایا۔حزب اللہ کا کہنا ہے کہ اسرائیلی ڈرونز نے فرون اور بنت جبیل ضلع کے کھلے علاقوں پر بھی حملے کیے، جبکہ طیبہ اور حداثہ میں رہائشی عمارتوں کے قریب دھماکے کیے گئے۔
تنظیم نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ جنگ بندی معاہدے کی ان مبینہ خلاف ورزیوں پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور اپنے وطن اور عوام کے دفاع کا حق محفوظ رکھتی ہے۔بیان میں مزید کہا گیا کہ امریکا اور ایران کے درمیان طے پانے والی مفاہمتی یادداشت کے مطابق تمام محاذوں پر جنگ کا خاتمہ ہونا چاہیے، جس میں لبنان بھی شامل ہے، تاہم حزب اللہ کے مطابق اسرائیل نے مارچ کے آغاز سے جنوبی لبنان میں اپنے حملے جاری رکھے ہوئے ہیں۔