لبنان پر اسرائیلی حملے جنگ بندی معاہدے کی کھلی خلاف ورزی ہیں: ایرانی صدر مسعود پزشکیان

لبنان پر اسرائیلی حملے جنگ بندی معاہدے کی کھلی خلاف ورزی ہیں: ایرانی صدر مسعود پزشکیان

تہران: ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے لبنان میں اسرائیلی حملوں کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں جنگ بندی معاہدے کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

انہوں نے شہید سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے چہلم کے موقع پر ایک بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لبنان پر جاری حملے نہ صرف غیر ذمہ دارانہ ہیں بلکہ یہ خطے میں امن کے لیے جاری سفارتی کوششوں کو بھی شدید نقصان پہنچا سکتے ہیں۔ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ ایسے اقدامات سے یہ واضح ہوتا ہے کہ بعض فریقین امن معاہدوں کو سنجیدگی سے نہیں لے رہے اور خطے میں کشیدگی کو مزید بڑھانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ پائیدار امن کے لیے جنگ بندی معاہدوں کی مکمل پاسداری ضروری ہے۔مسعود پزشکیان نے واضح کیا کہ ایران لبنانی عوام کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑے گا اور خطے میں ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گا۔

دوسری جانب ترکیہ کے صدر رجب طیب اردگان نے ایرانی صدر سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، جس میں خطے کی صورتحال اور امریکا و ایران مذاکرات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ جاری سفارتی کوششوں کو خطے میں دیرپا امن کے لیے مؤثر انداز میں استعمال کیا جانا چاہیے۔تجزیہ کاروں کے مطابق ایران، ترکیہ اور دیگر علاقائی ممالک کے حالیہ بیانات اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کم کرنے کے لیے سفارتی سرگرمیوں میں تیزی آ رہی ہے، تاہم زمینی حقائق اب بھی پیچیدہ اور حساس صورتحال کی عکاسی کرتے ہیں۔