اسرائیل کا حزب اللّٰہ پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کا الزام، فضائی حملہ

اسرائیل کا حزب اللّٰہ پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کا الزام، فضائی حملہ

اسرائیلی وزیرِ اعظم نیتن یاہو نے حزب اللّٰہ پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ لبنان کی سرحد پر حزب اللّٰہ کے حملوں کے جواب میں اسرائیل نے فضائی حملہ کیا۔

اسرائیلی فوج نے کہا کہ حزب اللّٰہ نے پیر کے روز اسرائیلی پوزیشنز پر مقبوضہ بارڈر ایریا میں حملہ کیا تھا، جس کے بعد اسرائیل نے فوری طور پر فضائی حملہ کیا۔ اسرائیلی فوج کے مطابق حزب اللّٰہ نے شبعا فارمز کے علاقے میں 2 میزائل داغے، جس کے جواب میں اسرائیل نے لبنان کے مختلف علاقوں میں حزب اللّٰہ کے درجنوں اہداف کو نشانہ بنایا۔اسرائیلی فوج نے لبنان کے جنوبی علاقے برغوز میں حزب اللّٰہ کے لانچر کو بھی تباہ کیا۔ اسرائیل نے لبنان کے حکام پر زور دیا کہ وہ حزب اللّٰہ کی سرگرمیوں کو روکے اور اپنے علاقے میں امن و استحکام کو برقرار رکھے۔

دوسری جانب، اسرائیلی فوج نے 2 جنوبی لبنانی دیہاتوں کو بھی نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 9 لبنانی شہری شہید ہو گئے۔یہ حملے اس وقت ہوئے جب 27 نومبر کو اسرائیل اور حزب اللّٰہ کے درمیان جنگ بندی معاہدہ نافذ العمل ہو چکا تھا، جو دونوں فریقوں کے درمیان کشیدگی کو کم کرنے کے لیے کیا گیا تھا۔ اسرائیل کی طرف سے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کے الزام میں حزب اللّٰہ کے حملے کے جواب میں یہ کارروائی کی گئی۔اسرائیلی حکومت نے لبنان کے حکام سے درخواست کی ہے کہ وہ حزب اللّٰہ کی دہشت گردانہ کارروائیوں کو روکتے ہوئے اپنے علاقے میں امن و سکون کو یقینی بنائیں۔