فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیوں کے باعث مغویوں کی لاشوں کی حوالگی کا عمل مؤخر کرنے کا اعلان کیا ہے۔
حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز نے اپنے بیان میں خبردار کیا کہ اسرائیلی فوج کے مسلسل حملے یرغمالیوں کی لاشوں کی تلاش اور حوالگی کے عمل میں رکاوٹ ڈال رہے ہیں۔گزشتہ روز، حماس نے ایک اسرائیلی یرغمالی کی لاش حوالے کرنے کا اعلان کیا تھا، لیکن معاہدے کی شرائط کی خلاف ورزی کے بعد یہ عمل مؤخر کردیا گیا ہے۔ حماس نے اپنے بیان میں اسرائیلی بمباری کو شرم الشیخ میں طے پانے والے جنگ بندی معاہدے کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
اس کے علاوہ، حماس نے رفح کراسنگ کی مسلسل بندش کو اسرائیل کی جانب سے معاہدے کی شرائط کی پامالی اور سبوتاژ کی کوشش قرار دیا۔ تنظیم نے جنگ بندی کے ضامن ممالک سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر اقدام کریں اور اسرائیل پر دباؤ ڈالیں تاکہ حملے روکے جائیں اور معاہدے کی تمام شرائط پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔