امریکا نے اسرائیل اور لبنان کے درمیان سہ فریقی فریم ورک معاہدے کا اعلان کردیا، حزب اللہ نے مسترد کر دیا

امریکا نے اسرائیل اور لبنان کے درمیان سہ فریقی فریم ورک معاہدے کا اعلان کردیا، حزب اللہ نے مسترد کر دیا

واشنگٹن: امریکا نے اسرائیل اور لبنان کے درمیان سہ فریقی فریم ورک معاہدے کا اعلان کرتے ہوئے اسے مشرقِ وسطیٰ میں امن اور استحکام کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔

امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے واشنگٹن میں اسرائیل اور لبنان کے درمیان مذاکرات کے پانچویں دور کے بعد فریم ورک معاہدے کا اعلان کیا، جس پر امریکا، اسرائیل اور لبنان نے دستخط کیے۔مارکو روبیو کا کہنا تھا کہ لبنان کی خودمختار حکومت اور اسرائیل کی حکومت کے درمیان امریکی ثالثی اور حمایت سے طے پانے والا یہ معاہدہ خطے میں پائیدار امن اور سلامتی کے قیام کی جانب ایک اہم قدم ہے، تاہم اس مقصد کے حصول کے لیے ابھی مزید کام کرنا باقی ہے۔دوسری جانب امریکا میں اسرائیل کے سفیر نے بتایا کہ سہ فریقی فریم ورک معاہدے پر مرحلہ وار عمل درآمد کیا جائے گا اور اس کی پیش رفت طے شدہ طریقہ کار کے مطابق آگے بڑھائی جائے گی۔ادھر معاہدے پر حزب اللہ نے سخت ردعمل دیتے ہوئے اسے مسترد کر دیا۔

لبنان میں حزب اللہ کے رکن پارلیمان حسن فضل اللہ نے کہا کہ واشنگٹن میں ہونے والا یہ معاہدہ "اسلام آباد ٹریک" کو سبوتاژ کرنے کی کوشش ہے اور حزب اللہ لبنانی حکام کے ہر ایسے اقدام کی مزاحمت کرے گی۔حسن فضل اللہ نے مزید کہا کہ حزب اللہ اپنے ہتھیار پہلے سے بھی زیادہ مضبوطی سے تیار رکھے گی اور لبنانی حکام کو اپنے کیے گئے وعدوں پر عمل درآمد نہیں کرنے دے گی۔