امریکا، ایران کشیدگی میں کمی، آبنائے ہرمز سے 48 جہاز بحفاظت گزر گئے

امریکا، ایران کشیدگی میں کمی، آبنائے ہرمز سے 48 جہاز بحفاظت گزر گئے

امریکا اور ایران کے درمیان حالیہ کشیدگی میں کمی کے بعد آبنائے ہرمز سے 48 تجارتی جہاز بحفاظت گزر گئے، جبکہ دونوں ممالک نے کشیدگی کم کرنے کے لیے مذاکرات پر بھی آمادگی ظاہر کی ہے۔

قطری ٹی وی کے اعداد و شمار کے مطابق 26 سے 28 جون کے دوران آبنائے ہرمز سے گزرنے والے 48 جہازوں میں 28 تیل و گیس کے ٹینکرز اور 7 بلک کیریئر بھی شامل تھے۔ تاہم یہ تعداد حالیہ کشیدگی سے قبل معمول کے ٹریفک سے کم رہی، کیونکہ بدھ کے روز 70 جہاز اس اہم بحری راستے سے گزرے تھے۔دوسری جانب امریکی نیوز ویب سائٹ Axios کی رپورٹ کے مطابق امریکا اور ایران نے ایک دوسرے کے خلاف فوجی کارروائیاں روکنے اور آبنائے ہرمز سے متعلق تنازع کے حل کے لیے منگل کو قطر کے دارالحکومت دوحہ میں مذاکرات پر اتفاق کیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ایک سینئر امریکی عہدیدار نے بتایا کہ دونوں ممالک نے باہمی طور پر ہر قسم کی عسکری کارروائیاں روکنے کا فیصلہ کیا ہے۔اس سے قبل ایک اعلیٰ ایرانی عہدیدار نے کہا تھا کہ حالیہ امریکی حملوں اور مفاہمتی یادداشت کی مبینہ خلاف ورزی کے باعث ایران نے اتوار کو ہونے والے تکنیکی مذاکرات میں شرکت نہیں کی تھی، تاہم اب دونوں فریق دوبارہ بات چیت کی میز پر آنے پر آمادہ ہو گئے ہیں۔