امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی بحریہ کے تین ڈسٹرائر جنگی جہاز کامیابی کے ساتھ آبنائے ہرمز عبور کر گئے، حالانکہ راستے میں ایرانی حملوں کا سامنا بھی ہوا۔
ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں کہا کہ ایرانی فورسز نے امریکی جہازوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی، مگر تمام میزائل اور ڈرون حملے ناکام بنا دیے گئے اور امریکی بحری جہاز مکمل محفوظ رہے۔ انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ایران کی جانب سے بھیجی گئی چھوٹی حملہ آور کشتیاں تباہ کر دی گئیں اور کئی کشتیاں سمندر برد ہو گئی ہیں۔ٹرمپ کے مطابق، امریکی دفاعی نظام نے داغے گئے میزائل فضا میں ہی تباہ کر دیے، اور ڈرونز کو بھی ہدف تک پہنچنے سے پہلے مار گرایا گیا۔ انہوں نے ایران پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی معمول کا ملک عالمی بحری گزرگاہ میں ایسی کارروائی نہیں کرتا، جبکہ ایران کی قیادت انتہا پسند عناصر کے ہاتھ میں ہے۔صدر ٹرمپ نے خبردار کیا کہ اگر ایران نے جوہری ہتھیار بنانے کا موقع پایا، تو وہ اسے استعمال کرنے سے گریز نہیں کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ نے آج ایران کو ناک آؤٹ کر دیا ہے، اور اگر تہران نے معاہدے پر دستخط نہ کیے، تو مزید سخت اقدامات کیے جائیں گے۔