موٹروے پولیس نے لاپتہ بہن بھائی بحفاظت بازیاب کر لیے

لاہور (کرائم رپورٹر) موٹروے پولیس سنٹرل زون نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے لاپتہ ہونے والے سگے بہن بھائی کو بحفاظت بازیاب کرا لیا۔ ترجمان موٹروے پولیس سید عمران احمد کے مطابق 26 جون سے لاپتہ بچوں کے اغوا کا مقدمہ پہلے ہی درج تھا۔ قومی شاہراہ پر ساہیوال کے قریب معمول کی گشت کے دوران موٹروے پولیس کو دو بچے روتی ہوئی حالت میں ملے، جنہیں فوری طور پر اپنی تحویل میں لے لیا گیا۔ بچوں کی شناخت 12 سالہ علی رضا اور 8 سالہ مریم کے نام سے ہوئی، جو آپس میں سگے بہن بھائی ہیں۔ سیکٹر کمانڈر عاطف شہزاد کی ہدایت پر ضروری قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد دونوں بچوں کو مقامی پولیس کے حوالے کر دیا گیا تاکہ انہیں بحفاظت اہل خانہ تک پہنچایا جا سکے۔ بچوں کی والدہ نے بروقت مدد اور پیشہ ورانہ کارروائی پر موٹروے پولیس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے فورس کی کارکردگی کو سراہا۔