لاپتہ بہن بھائی سمیت تینوں بچے بحفاظت بازیاب

 لاہور (کرائم رپورٹر) شاد باغ کے علاقے میں بہن بھائی سمیت تین بچوں کے لاپتہ ہونے کا واقعہ پیش آیا۔ اطلاع ملنے پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ایک گھنٹے میں بچوں کو بحفاظت تلاش کر لیا۔ پولیس کے مطابق چار سالہ فیضان اپنی بہن مریم اور ہم نام فیضان کے ساتھ گھر سے کھیلنے کے لیے نکلے اور لاپتہ ہوگئے، والدین تلاش کے بعد تھانہ شاد باغ پہنچے اور مدد کی اپیل کی۔ پولیس نے جدید ٹیکنالوجی، ہیومن ریسورس اور سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے بچوں کی تلاش شروع کی۔ شاد باغ پولیس کی کاوش سے تینوں بچے بحفاظت والدین کے سپرد کر دیے گئے۔ بچوں کی بازیابی پر والدین نے پولیس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے نیک دعائیں دیں۔ ایس پی سٹی بلال احمد نے ایس ایچ او شاد باغ اور ٹیم کو شاباش دی اور کہا کہ عوام الناس کے جان و مال کی حفاظت پولیس کی اولین ذمہ داری ہے، ایسے واقعات میں بروقت کارروائی عوامی اعتماد کی بحالی کا ذریعہ بنتی ہے۔