اغواء کے مقدمے میں لاپتہ 6 سالہ بچی بحفاظت بازیاب

لاہور (کرائم رپورٹر) سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے اغواء کے مقدمے میں مطلوب 6 سالہ بچی کو بحفاظت بازیاب کر لیا۔ پولیس کے مطابق لیاقت آباد پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ماڈل ٹاؤن کے کے بلاک سے بچی کو تلاش کیا۔ ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا کہ بچی گھر سے بغیر بتائے نکلی تھی اور راستہ بھول گئی تھی۔پولیس کا کہنا ہے کہ بچی کے والد اعجاز کی درخواست پر مقدمہ درج کر کے فوری تلاش شروع کی گئی۔ مختلف مقامات کی سی سی ٹی وی فوٹیجز کے ذریعے بچی کی نقل و حرکت کا سراغ لگایا گیا اور اسے بحفاظت بازیاب کر لیا گیا۔ بچی کو والد کے حوالے کر دیا گیا جبکہ اہل خانہ نے پولیس کی فوری کارروائی پر اطمینان اور شکریہ ادا کیا