جعلی زرعی ادویات تیار کرنے والی فیکٹری سیل

دیپالپور (خصوصی رپورٹ) دیپالپور کے نواحی گاؤں رسول پور میں محکمہ زراعت پلانٹ پروٹیکشن نے پولیس کے ہمراہ مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے جعلی زرعی ادویات تیار کرنے والی منی فیکٹری پکڑ لی۔ کارروائی ڈویڑنل ڈائریکٹر زراعت میاں ظہور احمد، ڈائریکٹر رائے علی اکبر اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر چوہدری عاصم علی جٹ کی نگرانی میں کی گئی۔ چھاپے کے دوران بھاری مقدار میں تیار شدہ جعلی زرعی ادویات، خام مال، ملٹی نیشنل کمپنیوں کے جعلی لیبل، پیکنگ میٹریل اور دیگر سامان برآمد کر کے سرکاری تحویل میں لے لیا گیا، جبکہ فیکٹری کو سیل کر دیا گیا۔ کارروائی کے دوران مرکزی ملزم نور حسن موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا، تاہم اس کی بیوی نسیم بی بی کو جعلی ادویات کی پیکنگ کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا گیا۔ تھانہ منڈی احمد آباد پولیس نے مقدمہ درج کر کے فرار ملزم کی تلاش شروع کر دی۔