پنجاب میں جعلی ادویات کیخلاف کریک ڈائون، 11جعلی ادویات پکڑی گئیں

ڈریپ کی ادویات کے سیمپلز جعلی ہونے کی تصدیق ، پنجاب حکومت کی درخواست پر ری کال الرٹ جاری کر دیے
 لاہور(آئی این پی )پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں جعلی ادویات کے خلاف کریک ڈائون کیا اس دوران مختلف شہروں سے 11جعلی ادویہ پکڑی گئیں۔ تفصیل کے مطابق ڈرگ کنٹرول ڈائریکٹوریٹ پنجاب نے صوبے بھر میں جعلی ادویات کے خلاف کریک ڈائون کرتے ہوئے مختلف شہروں سے گیارہ جعلی ادویات پکڑی ہیں اور ڈریپ نے ان گیارہ ادویات کے سیمپلز جعلی ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے پنجاب حکومت کی درخواست پر ری کال الرٹ جاری کر دیے ہیں۔رپورٹ کے مطابق جعلی ادویات مختلف فارما کمپنیوں کے برانڈز کے ناموں پر تیار کی گئی ہیں اور ان ادویہ کے پیکٹس پر کراچی، لاہور، سرگودھا، ٹیکسلا اور خطار کی فارما کمپنیوں کے پتے درج ہیں۔ ڈریپ کے جاری الرٹ میں بتایا گیا ہے کہ شدید نمونیہ، ناک اور گلے کے انفیکشن میں استعمال ہونے والی معروف برانڈ کی اینٹی بائیوٹک دوا نوویڈیٹ ٹیبلٹ کا ایک بیچ جعلی ہے۔ ایموکس نامی اینٹی بائیوٹک کیپسول کا بھی ایک بیچ جعلی ہے۔اس کے علاوہ نزلہ، زکام، کھانسی اور الرجی کے تین سیرپ کے 3 بیچز جعلی ہیں۔ ان میں کیرینول، ہسٹاکیئر اور ٹرائی لیک سیرپ شامل ہیں۔پنجاب سے امراض نسواں کی دو جعلی ادویات پکڑی گئی ہیں۔ ایس کائن اور مائیرون ٹیبلٹ کے دو جعلی بیچز کی نشاندہی ہوئی ہے۔ پلاسٹر آف پیرس بینڈج کا ایک جعلی بیچ پکڑا گیا ہے۔ بخار، جسمانی درد کا جعلی کیرفن سسپنشن پکڑا گیا ہے۔جو جعلی ادویات پکڑی گئی ہیں۔ ان میں امراض مویشی کے دو جعلی اینٹی بائیوٹک انجکشن بھی شامل ہیں۔ ان میں وائٹل وال اینٹی بائیوٹک انجکشن اور پینی بائیوٹک انجکشن کے ایک ایک بیچ جعلی ہیں۔ فینی بائیوٹک مویشیوں کے مختلف اقسام کے بیکٹیریل انفیکشن کی دوا ہے۔