مطلوب ملزمان کی گرفتاری کے اہداف مکمل کرنے کی بھی ہدایت
لاہور (کرائم رپورٹر) ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران کی زیر صدارت اہم اجلاس میں محرم الحرام کے سکیورٹی انتظامات، جرائم کی روک تھام اور عوام دوست پولیسنگ کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ایس پی سٹی، تمام ایس ڈی پی اوز اور لاہور کے 22 تھانوں کے ایس ایچ اوز نے شرکت کی۔ ڈی آئی جی نے ہدایت کی کہ محرم الحرام کے دوران مجالس، جلوسوں، امام بارگاہوں اور حساس مقامات پر سکیورٹی پلان پر سو فیصد عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے جرائم کی شرح میں کمی، زیر تفتیش مقدمات کی بروقت تکمیل، اشتہاریوں، عدالتی مفروروں اور دیگر مطلوب ملزمان کی گرفتاری کے اہداف مکمل کرنے کی بھی ہدایت دی۔ اجلاس میں منشیات فروشوں، ناجائز اسلحہ رکھنے والوں، عادی جرائم پیشہ عناصر، پتنگ بازی، ہوائی فائرنگ اور ون ویلنگ کے خلاف بلاامتیاز کریک ڈاؤن مزید تیز کرنے کا حکم دیا گیا۔ فیصل کامران نے خواتین، بچوں اور کمزور طبقات سے متعلق شکایات پر فوری کارروائی، تھانوں میں شہریوں سے خوش اخلاقی، میرٹ پر انصاف اور مؤثر گشت، ناکہ بندی، سرچ و کومبنگ آپریشنز جاری رکھنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ اور باوقار پولیسنگ لاہور پولیس کی اولین ترجیح ہے