خفیہ اطلاع پر منشیات سپلائی میں مصروف اسماعیل اور محسن پکڑے گئے
لاہور(کرائم رپورٹر)ایس پی کینٹ اختر نواز کی ہدایت پر منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کر دیا گیااس سلسلے میں ایس ایچ او ہیئر اسرار اقبال نے پولیس ٹیم کے ہمراہ کامیاب کارروائی کرتے ہوئے دو منشیات فروشوں کو گرفتار کر لیا۔پولیس کے مطابق دوران چیکنگ خفیہ اطلاع پر ملزمان اسماعیل اور محسن کو اس وقت رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا جب وہ منشیات کی سپلائی میں مصروف تھے۔ ملزمان کے قبضے سے اڑھائی کلوگرام سے زائد منشیات برآمد کر لی گئی۔ایس پی کینٹ اختر نواز کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش میں ملزمان نے اعتراف کیا ہے کہ وہ علاقہ غیر سے آن لائن منشیات منگوا کر مختلف علاقوں میں فروخت کرتے تھے۔ دونوں ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔پولیس حکام کے مطابق ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں جاری ہیں۔ایس پی کینٹ نے کامیاب کارروائی پر ایس ایچ او ہیئر اسرار اقبال اور پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ منشیات جیسی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پولیس پرعزم ہے۔