منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز

سول لائنز 77 اور ماڈل ٹاؤن ڈویڑن میں 152 ملزمان کو حراست میں لیا گیا
لاہور(کرائم رپورٹر)لاہور پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کر دیا، رواں ماہ شہر کے مختلف علاقوں سے 800 ملزمان کو گرفتار کر کے کروڑوں روپے مالیت کی منشیات برآمد کر لی گئی۔ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کے مطابق پولیس نے 787 مقدمات درج کیے اور ملزمان سے 493 کلو 995 گرام چرس، 54 کلو 860 گرام ہیروئن، 63 کلو 239 گرام آئس اور 2 ہزار 511 لیٹر شراب برآمد کی۔پولیس کی کارروائیوں میں کینٹ ڈویڑن نے سب سے زیادہ 190 منشیات فروشوں کو گرفتار کیا، سٹی ڈویڑن میں 144، صدر میں 140، اقبال ٹاؤن میں 97، سول لائنز میں 77 اور ماڈل ٹاؤن ڈویڑن میں 152 ملزمان کو حراست میں لیا گیا۔ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا کہ منشیات کے مکروہ دھندے کے خاتمے کے لیے ہیومین انٹیلیجنس کا استعمال کیا جا رہا ہے اور معاشرے کے بھیانک دشمنوں کا نیٹ ورک توڑا جا رہا ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ منشیات فروشوں کی اطلاع 15 پر دیں تاکہ قانون نافذ کرنے والے ادارے فوری ایکشن لے سکیں۔