پرنس کریم آغا خان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا:آصف زرداری

صدر کی  لزبن میں اسماعیلی کمیونٹی کے نئے پیشوا پرنس رحیم سے ملاقات  پاکستان کی طرف سے اظہار تعزیت
آصف علی زرداری کا دورہ پرتگال کے دوران ترکیہ میں مختصر قیام ‘ترک صدر سے ملاقات‘اہم امور پر تبادلہ خیال

 لزبن‘استنبول(مانیٹرنگ ڈیسک‘آئی این پی)صدر مملکت آصف علی زرداری نے اسماعیلی کمیونٹی کے روحانی پیشوا پرنس رحیم الحسینی سے ملاقات کی اور  کریم آغا خان کے انتقال پر تعزیت کی ہے۔صدر مملکت نے لزبن میں پرنس رحیم الحسینی سے ملاقات کی اور  پاکستان کے عوام اور حکومت کی جانب سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔ملاقات کے دوران صدر مملکت نے کہا  پوری قوم ایک سچے دوست اور عظیم انسان دوست شخصیت سے محروم ہونے پر سوگوار ہے، مرحوم آغا خان کے انتقال سے ذاتی تعلق تھا، اِنتقال سے گہرا صدمہ پہنچا۔صدر مملکت نے مرحوم آغا خان  کے پاکستان کی سماجی اور معاشی ترقی میں کردار کو سراہا اور کہا کہ مرحوم آغا خان کی دور اندیش قیادت نے پاکستان اور دنیا کے دیگر خطوں میں لوگوں کی زندگیوں کو بہتر کیا۔انہوں نے بتایا کہ چین کے سرکاری دورے کے دوران آغا خان کے انتقال کی خبر ملی، مرحوم آغا خان کی انسان دوستی اور انسانیت کے لیے زندگی بھر کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے لزبن آیا ہوں،  انسانیت کے لیے مرحوم آغا خان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔صدر آصف علی زرداری نے امید ظاہر کی کہ پرنس رحیم الحسینی انسانیت کی خدمت کے اپنے والد کے مشن کو جاری رکھیں گے۔ دریں اثناء صدر مملکت آصف علی زرداری نے ترک ہم منصب سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔صدر مملکت آصف علی زرداری نے دورہ پرتگال کے دوران ترکیہ میں مختصر قیام کیا، صدر مملکت اور ترک صدر رجب طیب اردگان میں ملاقات استنبول ایئر پورٹ پر ہوئی، ترکیہ کے وزیر خارجہ حاکان فدان نے صدر مملکت کا استقبال کیا۔ترک صدر رجب طیب اردگان سے ملاقات کے دوران دونوں صدور کے درمیان خوشگوار جملوں کا تبادلہ ہوا، دونوں صدور نے ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔