دہشت گردحملہ بھارتی پراکسی جماعت الاحرار کے خوارج نے کیا،پاکستان شہدا کے خون کا بدلہ لینے کیلئے بھرپور جوابی کارروائیاں کرے گا،آئی ایس پی آر
راولپنڈی(آئی این پی )پاکستان رینجرز سندھ کے ایک کیمپ پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنا دیا گیا، بروقت جواب میں 3 دہشت گرد مارے گئے، رینجرز کے 3 جوان شہید ہو گئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق 27 جون کو کراچی میں پاکستان رینجرز (سندھ)کے ایک کیمپ پر بھارتی پراکسی جماعت الاحرار کے خوارج نے دہشت گردانہ حملہ کیا، دہشت گردوں نے کیمپ کے مرکزی گیٹ پر دھماکا کرنے کے بعد سکیورٹی حصار توڑنے کی کوشش کی۔رینجرز کے جوانوں نے بروقت اور موثر کارروائی کرتے ہوئے حملہ ناکام بنا دیا، کارروائی کے دوران تین دہشت گرد ہلاک جبکہ ایک زخمی افغان دہشت گرد کو گرفتار کر لیا گیا، شدید فائرنگ کے تبادلے میں وطن کے تین بہادر سپوت شہید جبکہ چار اہلکار زخمی ہوئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق مزید دہشت گردوں کی تلاش کیلئے علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے، عزمِ استحکام وژن کے تحت انسداد دہشت گردی مہم پوری قوت سے جاری رہے گی۔ پاکستان شہدا کے خون کا بدلہ لینے کیلئے حملے کے ذمہ دار عناصر کے خلاف بھرپور جوابی کارروائیاں کرے گا۔