بلوچستان میں بھارتی حمایت یافتہ17دہشت گرد ہلاک‘پاک فوج کا جوان شہید

ضلع کچھی میں دہشت گردوں نے شہر کی سڑک بلاک کرنے کی کوشش کی  جس کو سکیورٹی فوسز نے ناکام بنادیا:آئی ایس پی آر
 دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنانے کیلئے سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت اور مستعدی قابل تحسین ہے:آصف زرداری
راولپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک)سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے دو اضلاع کچھی اور خاران میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد کر کارروائی کرتے ہوئے بھاری پراکسی فتنہ الہندوستان سے منسلک 17 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کا ایک سپاہی شہید ہوگیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان میں کہا گیا کہ سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے اضلاع کچھی اور خاران میں بھارتی پراکسی فتنہ  الہندوستان اور فتنہ  الخوارج سے منسلک دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر یکم نومبرکو کارروائیاں کیں اور 17 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔بیان میں کہا گیا  ضلع کچھی کے علاقے سنی میں انٹیلیجینس بیسڈ کارروائی کی گئی، کارروائی کے دوران دہشت گردوں نے شہر میں روڈ بلاک کرنے کی کوشش کی تاہم سیکیورٹی فورسز کی بھرپور کارروائی سے اس کو ناکام بنا دیا گیا، اس موقع پر بھارت اسپانسرڈ 17 دہشت گردوں کو نشانہ بنایا گیا۔کارروائی کے حوالے سے بتایا گیا  ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ اور بارود بھی برآمد کرلیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جینس بیسڈ ایک اور کارروائی ضلع خاران میں کی جہاں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو اڑا دیا گیا اور شدید فائرنگ کے تبادلے میں 7 دہشت گرد مارے گئے، جو بھارتی سپانسرڈ خوارج تھے، ان کے قبضے سے بھی اسلحہ اور بارود برآمد ہوا۔آئی ایس پی آر نے بتایا کہ دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے کے دوران پاک فوج کا 25 سالہ سپاہی حکمت اللہ نے بہادری سے لڑتے ہوئے شہادت پائی، جن کا تعلق خیبرپختونخوا کے ضلع کرک سے تھا۔صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنانے کے لیے سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت اور مستعدی قابل تحسین ہے۔