بھارتی حمایت یافتہ بی ایل اے کا سیکورٹی فورسز پر حملہ‘7فوجی جوان شہید

 نام نہاد بلوچ لبریشن آرمی سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں نے ضلع کچھی کے علاقے مچھ میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی کو دیسی ساختہ بم سے نشانہ بنایا
بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں:آئی ایس پی آر‘یہ قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی :وزیراعظم‘وزیرداخلہ 
راولپنڈی(آئی این پی)سکیورٹی فورسز کی گاڑی پر دیسی ساختہ بم حملہ میں 7 فوجی اہلکار شہید ہو گئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 6 مئی 2025 کو بھارتی پراکسی، نام نہاد بلوچ لبریشن آرمی سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں نے ضلع کچھی کے علاقے مچھ میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی کو دیسی ساختہ بم سے نشانہ بنایا۔بم حملے میں شہید ہونے والوں میں صوبیدار عمر فاروق عمر 42 سال، رہائشی کراچی، نائیک آصف خان عمر 28 سال، رہائشی ضلع کرک، نائیک مشکور علی عمر 28 سال، رہائشی ڈسٹرکٹ اورکزئی، سپاہی طارق نواز عمر 26 سال، رہائشی ضلع لکی مروت شامل ہیں۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق شہدا میں سپاہی واجد احمد فیض 28 سال رہائشی ضلع لکی مروت ، سپاہی محمد عاصم، عمر 22 سال، رہائشی ضلع کرک اور سپاہی محمد کاشف خان عمر 28 سال، ضلع کوہاٹ کا رہائشی ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق اس گھنانے اور بزدلانہ فعل کے مرتکب افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق پاکستان کی سکیورٹی فورسز قوم کے شانہ بشانہ بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔وزیراعظم  شہباز شریف سمیت وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر اعلی پنجاب مریم نواز، وزیراعلی بلوچستان سرفراز بگٹی نے سکیورٹی فورسز کی گاڑی پر حملہ کی مذمت کی ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ضلع کچھی میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی پر بھارتی پراکسی و نام نہاد بلوچ لبریشن آرمی کے دہشت گردوں کا حملہ قابل مذمت ہے، حملے میں جام شہادت نوش کرنے والے پاک فوج کے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں