سوشل میڈیا پر قابو پانے کی کوششیں جاری ہیں، پیغامِ پاکستان کی خلاف ورزی برداشت نہیں کریں گے: طاہر اشرفی

سوشل میڈیا پر قابو پانے کی کوششیں جاری ہیں، پیغامِ پاکستان کی خلاف ورزی برداشت نہیں کریں گے: طاہر اشرفی

چیئرمین پاکستان علماء کونسل مولانا طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر منفی اور اشتعال انگیز مواد کی روک تھام کے لیے بھرپور کوششیں جاری ہیں، جبکہ پیغامِ پاکستان کی خلاف ورزی کرنے والے کسی بھی فرد کی حمایت نہیں کی جائے گی۔

علماء و مشائخ کانفرنس کے اعلامیے سے خطاب کرتے ہوئے مولانا طاہر اشرفی نے ہر قسم کی دہشت گردی، انتہا پسندی اور خودکش حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ وطن کا دفاع کرنے والے سیکیورٹی اہلکار اور شہداء قوم کا فخر ہیں، اور ہم ان کے اہلِ خانہ کے ساتھ کھڑے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حالیہ دنوں ایک ٹی وی پروگرام میں نشر ہونے والے مواد پر ریاستی اداروں نے کارروائی کی، جبکہ سوشل میڈیا کے حوالے سے بھی مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ برسوں میں آٹھ ہزار علماء دہشت گردی کا نشانہ بن چکے ہیں۔مولانا طاہر اشرفی نے مزید کہا کہ ملک میں امن و استحکام کے لیے تمام مذہبی قیادت اپنا کردار ادا کرے گی۔ ان کے مطابق مدارس کو درپیش مسائل کے حل کے لیے بھی مسلسل کوششیں جاری ہیں، اور وہ خود بھی ایک دینی مدرسے کے طالب علم رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے امن اور اتحاد کے لیے جہاں بھی ضرورت پڑی، علماء اپنا کردار ادا کریں گے، کیونکہ ملک میں امن و امان کا قیام سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔