کراچی: قومی پیغامِ امن کمیٹی کے کوآرڈینیٹر مولانا حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ شہدا کی توہین کسی صورت برداشت نہیں کی جا سکتی، وہ فوجی جوانوں اور شہدا کے اہل خانہ سے معذرت خواہ ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے ہمراہ کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے طاہر اشرفی نے کہا کہ دہشتگرد ملک کے امن کے دشمن ہیں، جبکہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کے جوان مسلسل قربانیاں دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ افواجِ پاکستان کے جوان صرف تنخواہ کے لیے نہیں بلکہ وطن کے دفاع اور شہادت کے جذبے کے ساتھ سرحدوں پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ شہدا کی قربانیوں کا کوئی مالی معاوضہ نہیں ہو سکتا، کیونکہ شہادت ایک عظیم مقام اور باعثِ فخر اعزاز ہے۔مولانا طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ جو لوگ ہماری حفاظت کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرتے ہیں، ان کی عزت اور احترام ہر پاکستانی کی ذمہ داری ہے۔ ہم پاک فوج کے ساتھ کھڑے ہیں اور کسی کو بھی اپنے شہدا کی توہین کی اجازت نہیں دیں گے۔انہوں نے سیاست دانوں سے اپیل کی کہ قومی اداروں اور سیکیورٹی فورسز کے جوانوں کا حوصلہ بلند کریں اور سیاسی اختلافات کو اداروں پر تنقید کا ذریعہ نہ بنایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاست کو سیاسی میدان تک محدود رہنا چاہیے، اداروں کو سیاسی تنازعات میں نہیں گھسیٹنا چاہیے۔طاہر اشرفی نے کہا کہ پاکستان دنیا میں امن کے داعی کے طور پر ابھر رہا ہے، اس لیے قومی اتحاد اور یکجہتی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ریاست اور قومی اداروں کے ساتھ کھڑا ہونا ہر پاکستانی کا فرض ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ فتنۂ الخوارج اور دیگر دشمن عناصر کو قوم اچھی طرح پہچان چکی ہے، اس لیے کسی بھی صورت میں دانستہ یا نادانستہ دشمن قوتوں کا سہولت کار نہیں بننا چاہیے۔اس سے قبل وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے قومی پیغامِ امن کمیٹی کے وفد نے مولانا طاہر محمود اشرفی کی قیادت میں ملاقات کی۔ ملاقات میں امن، مذہبی ہم آہنگی اور قومی یکجہتی کے فروغ سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ امن، رواداری اور بین المذاہب ہم آہنگی کے لیے قومی پیغامِ امن کمیٹی کی خدمات قابلِ تحسین ہیں۔ سندھ صوفیائے کرام، محبت اور برداشت کی سرزمین ہے، جہاں تمام مذاہب کے لوگ اپنے عقائد کے مطابق آزادی سے تہوار مناتے ہیں۔مراد علی شاہ نے کہا کہ آئین پاکستان کے تحت تمام شہریوں کے جان، مال، عزت، مذہبی آزادی اور مساوی حقوق کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے۔ سندھ حکومت قومی اور صوبائی پیغامِ امن کمیٹی کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھے گی۔